اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے شدید ہیٹ ویو کے بعد بارشوں کی نوید سنا دی، کل سے ملک کے بالائی علاقوں میں بارشیں برسانے والے سسٹم کی آمد کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے 16 جون کے دوران مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے، کل سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا میں بارشیں متوقع ہیں، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ میں بھی بادل برسیں گے۔
لاہور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، بالائی سندھ کے تمام اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔