سندھ حکومت کا رویہ آمرانہ، بجٹ میں ہماری گزارشات نظر انداز کی گئیں: علی خورشیدی

Published On 13 June,2025 05:44 pm

کراچی:(دنیا نیوز) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرعلی خورشیدی نے کہا ہے کہ بجٹ میں ہماری گزارشات نظر انداز کی گئیں۔

سندھ اسمبلی میں بجٹ پیش کرنے کے بعد علی خورشیدی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ کا بجٹ کسی صورت قبول نہیں، وزیرخزانہ نےکہا تھا اپوزیشن کی تجاویزشامل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پر17سالوں سےپیپلزپارٹی کی حکومت ہے، بجٹ میں اہم شہروں کےنمائندوں کی گزارشات کو نظرانداز کیا گیا، آج حکومت کا آمرانہ رویہ تھا، ایم کیو ایم اس رویے کی مذمت کرتی ہیں، ہم تو سمجھتے تھے سندھ کے حکمران عوام کو ریلیف دیں گے ، بجٹ میں عوام کو کچھ نہیں دیا، جعلی اعدادی اکثریت سے بجٹ پیش کیا گیا۔

اپوزیشن لیڈرسندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ پری بجٹ میں بات ہوئی تھی کہ اراکین کی گزارشات کو بجٹ میں شامل کریں گے، ایوان میں وزیر خزانہ نے جھوٹ بولا، ان کی نیت میں کھوٹ موجود ہے، عوام نے مینڈیٹ دے کر ایم کیو ایم کو اسمبلی میں بھیجا ہے۔

علی خورشیدی نے کہا کہ لوگ چاہتے ہیں ان کے مسائل حل کریں، ہم صرف ڈیسک نہ بجائیں، اس حکومت کے چیف ایگزیکٹو کا عوام کے احساسات سے کوئی تعلق نہیں، آج وزیر اعلیٰ سندھ نے پری بجٹ سیشن میں اپنی ہی باتوں کو رد کیا۔