سندھ: بجٹ میں مزدور کی کم از کم اجرت 5 ہزار روپے بڑھانے کی تجویز

Published On 10 June,2025 12:35 pm

کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ خزانہ سندھ نے تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کے لیے تجاویز تیار کر لی ہیں، مزدور کی کم از کم اجرت 5 ہزار روپے بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے، مزدور کی اس وقت اجرت 37 ہزار روپے ہے۔

ذرائع کے مطابق سندھ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں اضافے کے لیے تین سلیب زیر غور ہیں، گریڈ 1 تا 5 کی تنخواہ میں 20-30 فیصد اضافہ کی تجویزہے جبکہ گریڈ 6 سے 16 کے لیے 15 فیصد اضافہ اور گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کے لیے تنخواہ میں دس فیصد اضافہ زیر غور ہے۔

آئندہ مالی سال سندھ کا فارن فنڈڈ ڈویلپمنٹ بجٹ 366 ارب روپے ہوگا، سندھ کوسٹل ایریا ریزیلینس پروگرام کے لیے انٹرنیشنل فنڈ فار ایگریکلچر فنڈنگ کرے گا، منصوبے کے تحت سندھ کے ساحلی علاقوں میں لوگوں کے حالات زندگی بہتر ہوں گے۔

اس کے علاوہ یورپین انویسٹمنٹ بینک سندھ ہاؤسنگ سیکٹر میں فنڈنگ کرے گا، فارن اسسٹنس پراجیکٹس کے تحت کراچی میں فراہمی و نکاسی آب کے بڑے منصوبوں پر کام ہوگا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی اقتصادی امور ڈویژن اور سندھ حکومت ایف پی اے کو حتمی شکل دے چکے ہیں۔