پشاور: (ذیشان کاکاخیل) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بجٹ پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کر لیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے بجٹ کے خلاف احتجاج کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، بجٹ کے لیے منصوبہ بندی طے کی جارہی ہے اور اس حوالے سے پی ٹی آئی نے مشاورت کے لیے اہم اجلاس بھی آج سہ پہر 3 بجے طلب کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پارٹی کے تمام رہنماؤں کو شرکت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اجلاس میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج پر زیر غور کیا جائے گا۔
اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے دنیا نیوز کے ساتھ بجٹ پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ کے خلاف اپنا بھر پور احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، بجٹ میں کفایت شعاری اور مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ کوئی ریفارمز نہیں لائی جا رہیں، معیشت کی بہتری کے لئے کوئی بڑا اقدام نظر نہیں آرہا.
علاوہ ازیں چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جنید اکبر نے کہا ہے کہ آج دن تین بجے اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں بجٹ کے حوالے سے ٹھوس لائحہ عمل طے کیا جائے گا، موجودہ بجٹ سے کوئی اچھائی کی امید نہیں ہے۔