ریاست تاجروں کو تحفظ ، سہولت اور عزت دے: مولانا فضل الرحمان

Published On 15 June,2025 03:27 pm

کراچی: (دنیا نیوز) جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ تاجر برادری ملکی تعمیر وترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، ریاست تاجروں کو تحفظ، سہولت اور عزت دے۔

کراچی میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کی رہائش گاہ پہنچے، اس موقع پر معروف صنعتکار سلطان چاؤلہ، جاوید بلوانی، مرزا اختیار بیگ، خالد تواب، عارف حبیب و دیگر بھی موجود تھے۔

شہر قائد کی صنعتی و تجارتی شخصیات سے اہم خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، تاجر معیشت کا ستون ہیں، تاجر برادری ملکی تعمیر وترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، ریاست تاجروں کو تحفظ، سہولت اور عزت دے۔

سربراہ جمعیت علماء اسلام کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کا تاجروں سے رشتہ ہمیشہ مضبوط اور اصولی رہا ہے، قومی اور ملی زندگی میں اسلامی ترجیح امن اور خوشحال معیشت ہے، امن سے مراد انسانی حقوق کا تحفظ ہے۔

تقریب میں علامہ راشد سومرو، انجینئر ضیاء الرحمان، مولانا ناصر محمود سومرو، سمیع الحق سواتی بھی شریک تھے۔

جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی کراچی میں اہم ملاقاتیں جاری ہیں، کل کراچی میں جے یوآئی سندھ کے ڈیجیٹل میڈیا کنونشن سے خطاب کریں گے۔