لاہور: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تاریخی بجٹ رکھ کر وژنری لیڈر ہونے کا ثبوت دیا۔
اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ماحولیاتی تحفظ اور انسانی زندگی کے معیار کی بہتری کیلئے ایک وژنری اور تاریخی بجٹ پیش کر کے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا ثبوت دیا ہے، آئندہ مالی سال میں ہر شعبے میں ریکارڈ سطح پر کام ہوگا اور حکومت ماحولیاتی خطرات میں کمی لانے کے سنگ میل عبور کرے گی۔
انہوں نے کہا مالی سال 26-2025 کیلئے پیش کئے گئے 1240 ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں سے 64 فیصد رقم ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کیلئے مختص کی گئی ہے، ماحولیاتی خطرات میں کمی کیلئے 371.739 ارب روپے رکھے گئے ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ جدید طریقے اپنانے کیلئے 277.437 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی بہتری سے متعلق دیگر شعبوں کیلئے 145.956 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے، ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ماحولیاتی موافقت کیلئے 269.479 ارب روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے، عوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے 95.285 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے کیلئے 65.172 ارب روپے رکھے گئے ہیں، صحت اور سماجی خدمات کیلئے 61.671 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے اور آبی وسائل کی بہتری کیلئے 46.857 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، فضا اور جنگلات کو کاربن ڈائی آکسائیڈ سے پاک کرنے کیلئے 15.795 ارب روپے سے اقدامات کئے جائیں گے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مال مویشی اور زراعت کے شعبے میں بہتری کیلئے 54.312 ارب روپے رکھے گئے ہیں، متفرق شعبہ جات کیلئے 186.562 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے حکومت نے تمام شعبوں میں اجتماعی سوچ اختیار کی ہے اور ہر سطح پر پالیسیوں کو ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ ماحولیاتی تحفظ کو قومی ایجنڈے کا حصہ بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت ماحولیاتی خطرات کو کم کرنے اور پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے بھرپور عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔