ہم نے عالمی فورم پر بھی بھارت سے بیانیہ کے لحاظ سے جنگ جیت لی: بلاول بھٹو زرداری

Published On 20 June,2025 09:54 pm

کراچی:(دنیا نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ ہم نےعالمی فورم پر بھی بھارے سے بیانیہ کے لحاظ سے جنگ جیت لی ۔

شہر قائد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے وزیراعظم پاکستان کے کہنے پر دنیا کے چار سے پانچ ممالک کےدورے کئے ہیں، ہم پاکستان کاپیغام یورپ،امریکہ اور برسلزمیں لیکرگئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جنگ میں بتا دیا تھا کہ وہ ہم سےسات گنا بڑا ہے، جس اندازسے ہماری فضائیہ نے، پاک فوج نے بھارت کو شکست دی اس پر ہم فخر کرتے ہیں، میدان میں جنگ ہارنے والے بھارت نے سفارتی میدان میں ہمیں شکست دینے کی کوشش کی لیکن ہم نے سفارتی سطح پر بھی بھارت کو شکست دی ہے، ہم نے بیانیہ کے لحاظ سے جنگ جیت لی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ہم سچ پر تھے بھارت جھوٹ پر تھا، ہم نے ہر جگہ بھارت کومات دی ہے، کشمیر کا مسئلہ ہم نے ہر دور میں اٹھایا ہے، ذوالفقار بھٹو، محترمہ اور آصف علی زرداری نے کشمیر کا مقدمہ لڑا ہے۔

بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پنےدورمیں کشمیرپرجب حملہ ہوا تو اس نےاسمبلی میں کھڑا ہو کر کہا کہ میں کیا کروں، پاکستان نے بھارت کے چھ جہاز گرائے تھے، پوری دنیا مان رہی تھی کہ آپ کے جہاز گرے ہیں لیکن بھارت نہیں مان رہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیراب بھارت کا اندورنی معاملہ نہیں رہا، کشمیر کا ذکر اب امریکہ کا صدر بھی کرتا ہے جو ہماری تاریخی کامیابی ہے، مودی نے سندھو پر تاریخی حملہ کیا ہے، اس کی وہ دھمکی کہ سندھو پرحملہ کرکے آپ کا پانی روکیں گے، اگر بھارت نے سندھ کی طرف میلی آنکھ سےدیکھا تو ہم ایک اورجنگ کریں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ بھارت کوسندھ طاس معاہدہ ماننا پڑے گا، تین دریا بھارت کے ہیں تین ہمارے، اگربھارت نہ ماناتو ہم ایک اورجنگ لڑ کرچھ کے چھ دریا لےلیں گے، ہم اپنے دریاؤں کا دفاع کرنا جانتےہیں۔

بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ میں اُن سےضرورپوچھناچاہتا ہوں سیاسی یتیموں سے،جو نہ کھپے کی سیاست کر رہے ہیں، یہ سیاسی یتیم کیوں خاموش ہیں؟ ان کےدھرنے اور سرپرستوں کا کیا ہوا؟ اُن کوغیر ملکیوں کی سپورٹ حاصل ہے، اگلےالیکشن میں ان سیاسی یتیموں کو سندھ ایک بار پھر مسترد کرے گا۔

ان کامزید کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف پاک فوج صف اول کی جنگ کر رہی ہے، بھارت ہمیں دہشت گردملک قراردلوانا چاہتا تھا، بھارت نے امریکہ اور دیگر ممالک میں اربوں ڈالر انویسٹ کئے ہیں، تاکہ پاکستان کو دہشت گرد ملک قرار دیتے سکیں۔