نارووال:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ 7 اور 10 مئی کو دنیا نے دیکھا پاکستانی تگڑی قوم ہے۔
اپنے آبائی حلقے میں ستھرا پنجاب ورکرز میں انعامی چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چند سال پہلے ایک اناڑی اس ملک کو دیوالیہ کر گیا تھا،77 سالوں میں پاکستان کے ساتھ ایسا نہیں ہوا جو ایک اناڑی اس ملک کے ساتھ کر گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کو سنبھالا، سخت فیصلے کیے، ملک دیوالیہ کرنے کی سازش کو ناکام بنایا، آج پوری دنیا میں پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے چرچے نہیں ہیں، آج پوری دنیا میں اس بات کے چرچے ہیں کہ پاکستان نے دو سال میں ایک معجزہ کر دکھایا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی جماعت سوشل میڈیا پہ کہتی تھی کہ پاکستان کا ستیاناس اور بیڑا غرق ہو گیا ہے، ایک سیاسی جماعت کا سوشل میڈیا دن رات پاکستان کے خلاف زہر اُگلتا تھا، پھر آپ نے7 اور 10 مئی کو دیکھا کہ پاکستانی قوم جتنی تگڑی قوم کوئی نہیں ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ آپ نے 10 مئی کو دیکھا کہ پاکستانی فوج سے چوکس کوئی فوج نہیں ہے، آپ نے 10 مئی کو دیکھا کہ پاکستان کے سپہ سالار سے زیادہ اہل اور بہادر سپہ سالار تاریخ میں نہیں آیا، سپہ سالار کی قیادت میں افواج پاکستان نے ہندوستان کو دن میں تارے دکھا دیے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی چیخیں نکل گئیں، اس نے امریکہ سے اپیل کی کہ جنگ بند کراؤ، پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے تاریخی کامیابی دی ، بھارت منہ چھپاتا پھرتا ہے، مودی 30 سال سے پراپیگنڈا کرتا تھا کہ میں اس خطے کا تھانیدار ہوں۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ جب پاکستان کے ساتھ ہتھ پنجہ ہوا تو پتہ چلا یہ تھانے دار تو کیا محرر بھی نہیں ہے، ہماری کامیابی سے متاثر ہو کر ہمارے سپہ سالار کو امریکہ ظہرانے پر بلایا جاتا ہے، اس پر رونا اور چیخنا تو ہندوستان کو چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت تو کچھ کر نہ سکا، پی ٹی آئی کے چند لوگ سپہ سالار کے خلاف نعرے بازی کرنے پہنچ گئے، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ جماعت پاکستان دشمن ہے، بھارت اور اسرائیل کی پراکسی ہے۔