حکومت اور مقتدرہ کے درمیان بہترین تعلق سے ملک کو فائدہ ہو رہا ہے: خواجہ آصف

Published On 20 June,2025 10:39 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حکومت اورمقتدرہ کے درمیان بہترین تعلق سے ملک کو فائدہ ہو رہا ہے۔

دنیا نیوز کے پروگرام’’ٹو نائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو ایران ایٹمی ہتھیار نہیں بنا رہا، اسرائیل کئی دہائیوں سے ایران کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے، ایران کا جوہری ہتھیار بنانے کوئی ارادہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے لیےعالمی سطح پرکوششیں ہورہی ہے، ایران نےکچھ دیر پہلے اسرائیلی شہرحیفہ پرکاری ضرب لگائی ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ امریکا کےساتھ بریک تھروہونا اچھی بات ہے، اگرکوئی ذاتی طور پر پریشان ہے تو اس کا کوئی علاج نہیں کیا جاسکتا، اپوزیشن کوہر چیز پر اعتراض ہے، فیلڈ مارشل کی امریکی صدرسےملاقات میں اعتراض والی کیا بات ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کےلوگ وکٹ کےدونوں طرف کھیلتےہیں، تحریک انصاف والے اپنے آپ کو بیوقوف بنا رہے ہیں، یہ آفیشل نہیں ایک پرائیویٹ لنچ تھا، اس ملاقات کے اچھے نتائج نکلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک ہائبرڈ ماڈل چل رہا ہے، پاکستان کو بھارت کے خلاف کامیابی ملی، پاکستان کے معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں، حکومت اورمقتدرہ کےدرمیان بہترین تعلق ہے،آئیڈیل صورتحال سےملک کوفائدہ ہورہا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی امریکی وزیرخارجہ سےکیا بات ہوئی علم نہیں، پاک بھارت صورتحال پربھی بات ہوئی ہوگی۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ نوازشریف،شہبازشریف کوقید کےدوران بانی پی ٹی آئی والی سہولیات نہیں تھیں، ہمیں توجیل میں کوئی سہولیات نہیں تھی۔