پاکستان فوجی، سفارتی اور معاشی میدان میں ترقی کی منازل طے کر رہا ہے: خواجہ آصف

Published On 19 June,2025 06:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان فوجی،سفارتی اور معاشی میدان میں ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بہت سی کامیابیاں ملی ہیں، فیلڈ مارشل کی امریکی صدر سے ملاقات سفارتی محاذ پر بہت بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پاک بھارت جنگ میں کامیابی ملی، ہماری ملک کی معیشت بہتر ہوئی ہے، پہلی بار کسی بھی ملک کے فوجی سربراہ کو اس طرح کھانے پر مدعو کیا گیا، جو بیانات آ رہے ہیں اس سے واضح ہو رہا کہ پاکستان فوجی، سفارتی اور معاشی میدان میں ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہائبرڈ ماڈل جو دو سال سے چل رہا ہے یہ اس کی کامیابی کی ضمانت ہے، سول اور ملٹری لیڈر شپ کے تعاون سے ملک ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔

خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، ایران پر مشکل وقت ہے، باقی برادر اسلامی ملکوں اور پڑوسیوں پر لازم ہے اس وقت ایرانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہوں۔