اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف کا سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سےٹیلی فونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کو حج کی مبارکباد دی اور پاکستانی حجاج کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے بھارت کے ساتھ کشمیر، پانی، تجارت اور دہشت گردی پر بات چیت کی پیشکش کی، ایران اسرائیل تنازع پر پاکستان نے پُرامن حل اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری پر زور دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، اسرائیل ایران بحران کے تناظر میں علاقائی کشیدگی میں فوری کمی کی مکمل حمایت کرتا، انہوں نے تمام فریقوں سے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری کرتے ہوئے تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا۔
اس تناظر میں شہباز شریف نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، وزیر اعظم نے پاکستان کی جانب سے ولی عہد کو ان کی دانشمندانہ قیادت اور خطے میں امن کی بحالی کے لیے کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہ کوششیں سعودی عرب کے بین الاقوامی سطح پر امن کے ضامن اور امتِ مسلمہ کے رہنما کے طور پر نمایاں حیثیت کی عکاس ہے۔
ولی عہد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ٹیلیفون کال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور حمایت کو سراہا۔
انہوں نے حالیہ تنازع کے پُرامن حل کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار کی بھی تعریف کی۔
سعودی ولی عہد نے کہا کہ سعودی عرب، مشرق وسطیٰ کے خطے میں دیرپا امن اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔