مخصوص نشستیں نہ ملنےکے ذمہ دارفردوس شمیم اور شبلی فراز ہیں : شیرافضل مروت

Published On 29 June,2025 11:13 pm

اسلام آباد :(دنیا نیوز)سیاسی رہنما شیرافضل مروت نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کومخصوص نشستیں نہ ملنےکے ذمہ دارفردوس شمیم نقوی،شبلی فراز ہیں۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’’ ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ بانی نے فیصلہ کرلیا تھا کہ شیرانی صاحب کی جماعت کے نشان پرالیکشن میں جائیں گے، دولوگوں نے سب کو بائی پاس کرکے شیرانی صاحب کےمعاہدے کورد کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ فردوس شمیم نقوی، شبلی فرازنےاس سارے عمل کو ہائی جیک کیا، تحریک انصاف کومخصوص نشستیں نہ ملنےکے ذمہ دارفردوس شمیم نقوی،شبلی فراز ہیں، سپریم کورٹ نےاپنےفیصلےمیں سنی اتحاد کونسل کےوجود کوتسلیم نہیں کیا۔

سیاسی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک کا راستہ ہموارہوگا، موجودہ قیادت انقلاب نہیں لاسکتی، موجودہ قیادت کبوتروں کواڑا سکتی ہے، اگرتحریک انصاف کی احتجاج کی قیادت مجھےمل جاتی تو لوگوں کو باہر نکال لیتا۔

شیرافضل مروت نے کہا کہ تحریک انصاف کےلیےکوئی راستہ نہیں چھوڑا جارہا، موجودہ قیادت کی بزدلی نے پارٹی کا بیڑہ غرق کیا، پی ٹی آئی اتنا کھو چکی ہےکہ خیبرپختونخوا حکومت کو کھونا اب اہم نہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کوپی ٹی آئی کی طرف سےکوئی خطرہ نہیں ہے، خدشہ ہے کہ فیصلے کے بعد 18 ویں ترمیم رول بیک ہوسکتی ہے، علیمہ خان قیادت کے ساتھ غلط کریں گی توان کےساتھ عوام کیسےنکلےگی۔