اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یوم پارلیمان پر کہا ہے کہ پارلیمان شہریوں کے بنیادی حقوق اور آزادی کے تحفظ کی ضامن ہے۔
اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ آج ہم جمہوریت، آزادی، رواداری اور سماجی و معاشی انصاف کے اصولوں پر کاربند رہنے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں، پارلیمان عوام کی خودمختار نمائندہ اور آئین و جمہوری اقدار کی نگہبان ہوتی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پارلیمان قومی پالیسی سازی، شفافیت اور جوابدہی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، مؤثر قانون سازی اور نگرانی کے ذریعے پارلیمان عوامی خدمات کی بہتری میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پارلیمان اچھی طرزِ حکمرانی کو فروغ دینے اور جمہوری اداروں کو مستحکم بنانے میں معاون ہے، میں پارلیمان کی اُن کاوشوں کو سراہتا ہوں جو شفاف، جامع اور عوامی شراکت پر مبنی نظامِ حکمرانی کے قیام کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ قانون ساز اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ جمہوری اقدار کا دفاع کریں اور قومی ترقی کے سفر کو آگے بڑھائیں، پارلیمانِ پاکستان عوام کی فلاح، حقوق کے تحفظ اور احتساب کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے قانون سازی اور نگرانی کا عمل جاری رکھے گی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آئیں ایسا پاکستان تعمیر کریں جہاں جمہوریت پروان چڑھے، ادارے مضبوط ہوں اور ہر شہری کی آواز سے سنی جائے۔