پشاور: (عامر جمیل) خیبرپختونخوا کے سرکاری افسران کی جانب سے سرکاری گاڑیوں کے ذاتی اور غیر سرکاری استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔
آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں سرکاری گاڑیاں نہ صرف ذاتی مقاصد بلکہ شادی بیاہ جیسی تقریبات میں بھی استعمال کی گئیں، رپورٹ نے اس عمل کو قانون کے صریحاً خلاف قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نگران حکومت کے دوران مالی سال 24-2023 میں محکمہ انتظامیہ کی 70 سرکاری گاڑیوں کے بے دریغ استعمال پر سخت اعتراض کیا گیا ہے، ان گاڑیوں کے لیے ایک کروڑ 23 لاکھ 35 ہزار روپے کا فیول صرف ذاتی استعمال پر خرچ کیا گیا۔
رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ یہ گاڑیاں صدر، وزیراعظم یا کسی اعلیٰ شخصیت کے سرکاری دوروں کے لیے بھی استعمال نہیں ہوئیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ مکمل اخراجات ذاتی استعمال کی نذر ہوئے۔