پشاور: (ویب ڈیسک) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ صوبے میں کوئی جعلی حکومت نہیں ہے جسے کوئی آسانی سے گرا سکے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت کو گرانے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، خیبر پختونخوا میں حقیقی عوامی نمائندہ حکومت موجود ہے، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں تمام ایم پی ایز متحد ہیں اور ان پر پورا اعتماد ہے، صوبے کا ہر ایم پی اے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا سپاہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پورا اعتماد حاصل ہے، گزشتہ 12 برسوں سے عوام نے اپوزیشن جماعتوں کو بارہا مسترد کیا اب اپوزیشن سازشوں کے ذریعے عوام پر مسلط ہونے کا خواب دیکھ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کے سوا باقی تمام پارٹیاں ختم شد ہیں، سازشیں کرنے والے خوش فہمی میں مبتلا ہیں، بطور مال غنیمت کچھ نشستیں ملنے کے باوجود اپوزیشن کی خواہشیں ادھوری رہیں گی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ ہماری حکومت کو آئینی طریقہ سے نہیں گرایا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ چیلنج کرتا ہوں اگر ہماری حکومت کو گرایا تو سیاست چھوڑ دوں گا، اگر صوبے میں گورنر راج لگانا ہے تو یہ شوق بھی پورا کر کے دیکھ لیں، کسی کو تحریک عدم اعتماد لانے کا شوق ہے تو وہ بھی آزما کر دیکھ لے۔