مظفرگڑھ: (دنیا نیوز) مظفرگڑھ کے علاقے لنگر سرائے کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں مسافر بس اور ٹریلر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 18 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 مرد، 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں جبکہ بس ڈرائیور بھی حادثے میں جان کی بازی ہار گیا، بس جھنگ سے علی پور جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئی۔
ترجمان پولیس مظفرگڑھ کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او پولیس نفری کے ہمراہ جائے حادثہ پر موجود رہے اور صورت حال کا جائزہ لیتے رہے۔
پولیس کے مطابق حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے اور تحقیقات جاری ہیں، ابتدائی معلومات کے مطابق بس جھنگ سے علی پور جا رہی تھی کہ سامنے سے آنے والے ٹریلر سے ٹکرا گئی۔
پولیس نے جائے حادثہ کو کلیئر کر کے ٹریفک کی روانی بحال کر دی ہے جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت اور قانونی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کی جا رہی ہیں۔
حکام نے حادثے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔