چکار: (ویب ڈیسک) آزاد جموں و کشمیر میں ایک سکول وین پہاڑی سڑک سے نیچے جا گری جس کے نتیجے میں وین میں سوار کم از کم 29 بچے اور ڈرائیور زخمی ہوگیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی ) مرزا زاہد حسین نے بتایا کہ چکار کے نجی اسلامیہ پبلک سکول کی وین، جس میں لڑکے اور لڑکیاں سوار تھے، طلبہ کو ان کے گھروں کو لے جا رہی تھی جب تمبریال موڑ کے قریب حادثہ پیش آیا۔
ایس ایس پی کے مطابق اندازہ ہے کہ موڑ کاٹتے ہوئے گاڑی ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو گئی اور سڑک سے نیچے جاگری جس سے وین سوار تقریباً تمام افراد زخمی ہو گئے۔
مرزا زاہد حسین کا کہنا ہے کہ 16 زخمی بچوں کو چکار کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں داخل کرایا گیا جبکہ ڈرائیور اور 13 بچوں کو ہٹیاں بالا کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
وین کے ڈرائیور کی شناخت سجاد شاہ کے نام سے ہوئی ہے اور دو بچوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے تاہم باقی طلبہ خطرے سے باہر ہیں۔
ایس ایس پی کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو کلپ میں الٹی ہوئی وین کو ایک جنگلاتی ڈھلوان پر پڑا دکھایا گیا ہے، جس کے ارد گرد مقامی باشندے مدد کے لیے بھاگ دوڑ کر رہے ہیں۔
ایس ایس پی مرزا زاہد حسین نے کہا کہ اگر اونچے درخت نہ ہوتے تو وین مزید نیچے لڑھک سکتی تھی، جس کے نتیجے میں زیادہ نقصان ہوسکتا تھا۔