سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کیخلاف 9 مئی کیسز سماعت کیلئے مقرر

Published On 09 July,2025 01:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کےخلاف 9 مئی سے متعلق کیسز کی سماعت کل ہوگی، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔

اس حوالے سے فواد چودھری کے بھائی اور وکیل فیصل چودھری نے بتایا ہے کہ فواد کے خلاف 9 مئی کے واقعات سے متعلق کیسز کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے اس کیس کو 3 رکنی بنچ کے سامنے مقرر کرنے کے لیے کمیٹی کو بھیجا تھا۔

یاد رہے کہ آج سپریم کورٹ میں 9 مئی واقعات سے متعلق کیسز کی سماعت کے دوران چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی عدالت میں فواد چودھری اپنے وکیل فیصل چودھری کے ہمراہ پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران فواد چودھری نے مؤقف اپنایا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ہمارا مقدمہ سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا گیا، ان کے وکیل نے نشاندہی کی کہ جب لارجر بنچ دستیاب تھا تو کیس لگنا چاہیے تھا۔

فواد چودھری نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد 9 مئی سے متعلق کیسز معمول کے مطابق چل رہے ہیں۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیئے کہ 4 ماہ میں کیسز نمٹانے کے احکامات پر ناانصافی نہیں ہونی چاہیے، ایک دن میں انسدادِ دہشتگردی عدالت میں صرف ایک ہی کیس سنا جائے گا، یہ مناسب نہیں کہ ایک ہی دن تمام کیسز مختلف عدالتوں میں مقرر کیے جائیں۔

سماعت کے اختتام پر چیف جسٹس نے فواد چودھری کو ہدایت دی تھی کہ آپ کے کیس کی سماعت کے بارے میں رجسٹرار آفس آپ کو مطلع کرے گا۔