عطا تارڑ عالمی تہذیبوں کے مکالمے پر وزارتی اجلاس میں شرکت کیلئے بیجنگ پہنچ گئے

Published On 09 July,2025 09:54 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ عالمی تہذیبوں کے مکالمے پر وزارتی اجلاس میں شرکت کیلئے بیجنگ پہنچ گئے۔

اجلاس 10 اور 11 جولائی کو چین کی کیمونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے پبلسٹی اور انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹس، چین کی وزارت خارجہ کے اشتراک سے منعقد ہو رہا ہے، یہ مکالمہ صدر شی جن پنگ کے وژن پر مبنی عالمی تہذیبوں کے اقدام کا حصہ ہے۔

عطا اللہ تارڑ ”سولائزیشن ایکسچینج اینڈ میوچل لرننگ ، ثقافتی وراثت اور جدت“ کے موضوع پر ذیلی فورم سے کلیدی خطاب کریں گے جب کہ ان کی شرکت ثقافت، میڈیا اور جدت کے شعبوں میں مختلف تہذیبوں کے مابین مکالمے اور تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت کا واضح اظہار ہے۔

دورے کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات اور سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے پبلسٹی ڈیپارٹمنٹ کی ڈپٹی ہیڈ مس کاؤ شو من کے درمیان ملاقات بھی ہوگی، مس کاؤ شو من نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن ایڈمنسٹریشن چائنہ کی پارٹی سیکرٹری اور وزیر بھی ہیں۔

اسی طرح ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان میڈیا تعاون کو مزید فروغ دینے پر گفتگو ہوگی، ملاقات میں ثقافتی تبادلے و باہمی افہام و تفہیم کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہو گا۔

عطا اللہ تارڑ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اعلیٰ سطح کی تقریب میں شرکت چین اور پاکستان کی قیادت اور اس کے عوام کے درمیان مضبوط رشتے کی عکاس ہے، یہ دورہ دونوں ممالک کی تہذیبی مکالمے کو فروغ دینے کی مشترکہ سوچ کی عکاسی ہے اور تہذیبوں کے درمیان مکالمہ ہی عالمی ہم آہنگی، امن اور ترقی کی بنیاد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس عمل میں اپنا فعال کردار ادا کرتا رہے گا، دونوں ممالک کے درمیان میڈیا اور ثقافتی تعاون دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے کا ذریعہ بن رہا ہے، یہ اجلاس دنیا بھر کی تہذیبوں کے درمیان باہمی احترام اور سیکھنے کے جذبے کو فروغ دینے کا منفرد موقع ہے۔