اسلام آباد: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا سے ثمر ہارون بلور کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے بعد وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں سعیدہ جمشید اور جمشید مہمند بھی شریک ہوئے، مشیر وزیرِ اعظم رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر امورِ گلگت بلتستان و کشمیر اور صوبائی صدر مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: اے این پی کو جھٹکا! بشیر بلور کی بہو ثمر بلور مسلم لیگ ن میں شامل
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف، وزیرِ برائے پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اور مسلم لیگ ن کے صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی بھی ملاقات میں شریک تھے۔
ثمر ہارون بلور نے ملکی معاشی استحکام، عوام دوست بجٹ اور ملکی معاشی ترقی کی درست سمت پر وزیرِ اعظم کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر ثمر ہارون بلور نے کہا کہ چاہتی ہوں کہ وفاق اور پنجاب کی طرز پر خیبرپختونخوا بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہو، ثمر ہارون بلور نے وزیرِ اعظم اور پارٹی قیادت کے ساتھ مل کر خیبر پختونخوا کے عوام کی خدمت کا اعادہ کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ثمر ہارون کا پارٹی میں خیر مقدم اور مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، وزیرِ اعظم نے ثمر ہارون بلور کے عوامی خدمت کے جذبے کی تعریف کی اور بلور خاندان کی قربانیوں اور خدمات کا اعتراف کیا۔