لاہور:(دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ ہمارے سیاسی مخالفین مکافاتِ عمل کا شکار ہیں۔
لاہور کے علاقے لکھو ڈیر میں ترقیاتی سکیموں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ جنہوں نے ملک کو تباہی کی طرف دھکیلا آج اُن کا کوئی نام نہیں لے رہا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی حکومت سازش کے تحت ختم کی گئی ، ان کی حکومت ختم کرکے ملک کی ترقی کا پہیہ روکا گیا، 2017 سے2023 تک ملک آگے جانے کے بجائے پیچھے گیا، وہ چیف جسٹس جو فرعون بن کر بیٹھا تھا آج اُس کا کوئی نام نہیں لیتا۔
سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف ملک کی بہتری کے لیے دن رات کام کررہے ہیں، ہمارے سیاسی مخالفین مکافاتِ عمل کا شکار ہے، انہی لوگوں نے2018 میں بیگم گلثوم نواز کے خلاف غیر اخلاقی باتیں کی گئیں، انہوں نے ہماری قیادت کا مذاق اڑایا۔
ایاز صادق نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے آئی ایم ایف کے لیے وعدوں سے روگردانی کی انہوں نے ملک کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، ہماری قیادت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، موجودہ الیکشن کے بعد ملک پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا بھارت نے پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے اور پاکستان کے خلاف جنگ شروع کر دی جس کا ہماری مسلح افواج نے عوام کی طاقت سے بھر پور جواب دیا۔