فیصل آباد آن لائن فراڈ کیس: گرفتار 14 ملزمان عدالت میں پیش

Published On 14 July,2025 10:09 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) سرمایہ کاری کی آڑ میں آن لائن فراڈ کے معاملہ میں گرفتار 14 ملزمان کو پانچ روزہ ریمانڈ کے بعد عدالت پیش کر دیا گیا۔

نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کی جانب سے گرفتار ملزمان کو سپیشل مجسٹریٹ ملک اشفاق کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

واضح رہے کہ نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کی جانب سے چند روز قبل آن لائن فراڈ کرنے والے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا گیا تھا، اس کارروائی کے دوران 149 ملکی اور غیر ملکی افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

فیصل آباد میں ملزمان انویسٹمنٹ اور پونزی سکیم کا جھانسا دے کر اربوں روپے کا آن لائن فراڈ کر رہے تھے، فراڈ گینگ کے مبینہ سرغنہ ملک تحسین ایوان عدالت سے عبوری ضمانت پر ہیں۔

یاد رہے کہ یہ کال سینٹر فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو )کے سابق چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ملک تحسین اعوان کی رہائش گاہ پر بنایا گیا تھا، ملزمان کے خلاف دھوکا دہی، جعل سازی اور فراڈ سرمایہ کاری منصوبوں میں ملوث ہونے کی بنیاد پر کل 7 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

چھاپے کے دوران فراڈ کال سینٹر سے گرفتار 149 ملزمان میں 131 مرد اور 18 خواتین شامل ہیں، ان میں 73 غیر ملکی شہری شامل ہیں، نائجیرین 3 مرد اور 5 خواتین، فلپائنی 1 مرد اور 3 خواتین، سری لنکن 1 مرد اور 1 خاتون، بنگلہ دیشی 6 مرد، زمبابوے کی 1 خاتون، میانمار کی 2 خواتین اور 44 دیگر غیرملکی جبکہ پاکستانی 76 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں۔