راولپنڈی: (دنیا نیوز) مسلسل بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے پر ایک بار پھر سپیل ویز کھول دیئے گئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پانی کی سطح ایک ہزار 750 فٹ تک پہنچنے پر سپیل ویز کھولے گئے، سپیل ویز کھولنے کے عمل کی نگرانی اے سی نیلور کی جانب سے کی جا رہی ہے اور یہ عمل تقریباً 5 گھنٹے تک جاری رہے گا، راول ڈیم سے پانی کا اخراج ایک ہزار 746 فٹ تک پہنچنے تک جاری رہے گا۔
اس ضمن میں ریسکیو، ایمبولینس اور پولیس کی نفری مختلف پلوں پر تعینات کی گئی ہے، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے اور لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر رہیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔