پنجاب کے تعلیمی بورڈز کا میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان

Published On 24 July,2025 11:20 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔

لاہور

لاہور بورڈ کی جانب سے میٹرک کے سالانہ نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے مطابق امتحانات میں کامیابی کا تناسب 65 اعشاریہ 32 فیصد رہا، امتحانات میں 2 لاکھ 54 ہزار 12 طلبہ نے شرکت کی جس میں ایک لاکھ 65 ہزار 912 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔

لاہور بورڈ سے حرم فاطمہ نے 1193 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی، نورالہدیٰ اور حاجی ابوذر تنویر 1188 نمبر لے کر دوسری جبکہ محمد علی 1187 نمبر لے کر تیسری پوزیشن پر رہے۔

ملتان

ملتان تعلیمی بورڈ کی جانب سے بھی میٹرک نتائج کا اعلان کیا گیا ہے، مجموعی طور پر ایک لاکھ 25 ہزار 2 طلبہ نے شرکت کی جس میں سے 91 ہزار 289 طلبہ کامیاب ہوئے۔

گوجرانوالہ

اس کے علاوہ گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ نے بھی میٹرک فرسٹ اینول امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔

گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ کے مطابق امتحانات میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 25 ہزار 71 امیدواروں نے شرکت کی جس میں سے ایک لاکھ 58 ہزار 863 امیدوار کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 70.58 فیصد رہا۔

گوجرنوالہ کے میٹرک امتحانات میں پہلی تین پوزیشنیں 19 طلبہ وطالبات نے حاصل کر کے تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کیا، 19 پوزیشنز میں سے 12 پوزیشنز طالبات نے حاصل کر کے میدان مارلیا جبکہ 7 پوزیشنز پر بوائز نے اپنا قبضہ جمایا۔

کنٹرولر امتحانات گوجرانوالہ کے مطابق 3 امیدواروں شفایت رسول، علیشہ زیب اور فاطمہ شیراز نے 1200 سے میں 1187 نمبر لیکر مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی، محمد موہد، محمد عبداللہ نے 1186 نمبر لیکر مجموعی طور پر دوسری پوزیشن سمیٹی، جبکہ پانچ امیدواروں نے 1185 نمبر لیکر مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

سرگودھا
سرگودھا میٹرک امتحان 2025 کے نتائج میں کامیابی کا تناسب 73.81 فیصد رہا، 93 ہزار 582 طلبہ نے امتحان میں شرکت کی جن میں سے 69 ہزار 72 امیدوار کامیاب قرار پائے۔

بہاولپور

بہاولپور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا۔

بہاولپوربورڈ سے میٹرک امتحان میں 90493 امیدواروں میں سے 62860 امیدوار کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 69.46 فیصد رہا، چشتیاں کی طیبہ امین نے 1185 نمبر لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی، ہارون آباد کے عبداللہ رشید 1182 نمبر لیکر دوسری پوزیشن پر رہے جبکہ چشتیاں کی علیزہ لیاقت 1181 نمبر لیکر تیسری پوزیشن پر رہیں۔