راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک بحریہ کے لیے مقامی طور پر تیار کردہ پی این ایس ساہیوال گن بوٹ کی لانچنگ تقریب کا کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس (KS&EW) میں انعقاد ہوا۔
اس موقع پر وائس چیف آف دی نیول سٹاف، وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
مہمانِ خصوصی نے پاک بحریہ کے پلیٹ فارم ڈیزائن وِنگ (PDW) اور کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس (KS&EW) کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مقامی طور پر تیار کردہ گن بوٹ میں طویل فاصلے تک مار کرنے والی سیمی آٹومیٹک گنز نصب کی جائیں گی۔
یہ جدید ترین گن بوٹ مختلف بحری سکیورٹی آپریشنز سرانجام دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، پاک بحریہ مستقبل میں اس طرز کی مزید گن بوٹس بنانے پر غور کر رہی ہے۔
لانچنگ تقریب میں پاک بحریہ کے اعلیٰ حکام، وزارتِ دفاعی پیداوار، کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس اور شپ بلڈنگ انڈسٹری کے نمائندگان نے شرکت کی۔