جدہ :(دنیا نیوز) سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کے بعد سفر کے دوران ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر سے تعلق رکھنے والے 7 پاکستانی جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق بونیر کے علاقے ڈاگئی طوطالئی سے تعلق رکھنے والے 13 افراد کا قافلہ عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گیا تھا، حادثہ عرفات سے مدینہ جاتے ہوئے پیش آیا۔
دوسری جانب جاں بحق افراد کی نماز جنازہ سعودی عرب میں ادا کی جائے گی جب کہ زخمیوں کو سعودی ہسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا اظہار افسوس
علاوہ ازیں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے حادثہ میں 7 عمرہ زائرین کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس اور ٹریفک حادثہ میں زخمی عمرہ زائرین کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ضلع بونیر سے تعلق رکھنے والے جاں بحق عمرہ زائرین کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ، حادثہ انتہائی افسوسناک ہے۔