سعودی عرب کا غیر ملکیوں کو جائیداد خریدنے کی اجازت دینے کا اعلان

Published On 09 July,2025 10:58 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) عرب دنیا کے اہم ترین ملک سعودی عرب نے پہلی بار غیر ملکیوں کو مخصوص علاقوں میں جائیداد خریدنے کی اجازت دینے کا اعلان کر دیا۔

سعودی عرب میں اب تک کسی بھی غیر ملکی شخص کو جائیداد خریدنے اور وہاں سرمایہ کاری کرنے کی اجازت نہیں تھی، نئے قوانین جو کہ آئندہ سال جنوری 2026 سے نافذ العمل ہوں گے، ان کے مطابق غیر ملکی مخصوص علاقوں میں جائیداد خرید سکیں گے۔

عرب اخبار ’گلف نیوز‘ کے مطابق مذکورہ پیش رفت سعودی حکومت کی سرمایہ کاری کے فروغ اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی توسیع کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے، مذکورہ قانون سعودی کابینہ کی منظوری کے بعد متعارف کرایا گیا ہے، جسے بلدیاتی امور و دیہی ترقی کے وزیر اور جنرل اتھارٹی برائے رئیل اسٹیٹ کے چیئرمین ماجد الحقيل نے سراہا۔

انہوں نے اس قانون کو ’مملکت کے جامع رئیل اسٹیٹ اصلاحاتی ایجنڈے کا تسلسل‘ قرار دیا، نئے قانون کے تحت غیر ملکی افراد کو ریاض اور جدہ جیسے بڑے شہروں کے مخصوص علاقوںمیں جائیداد خریدنے کی اجازت دی جائے گی۔

قانون کے مطابق مقدس شہروں، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں جائیداد کی ملکیت اضافی شرائط اور سخت ضوابط سے مشروط ہوگی، رئیل اسٹیٹ جنرل اتھارٹی کو ان علاقوں کی نشاندہی کا اختیار حاصل ہوگا جہاں غیر ملکی جائیداد خرید سکتے ہیں۔

اتھارٹی آئندہ 180 دنوں کے اندر آن لائن پلیٹ فارم پر عوامی مشاورت کے لیے عملدرآمدی قواعد و ضوابط جاری کرے گی، ان قواعد میں غیر ملکیوں کے لیے ملکیت کا طریقہ کار، اہلیت کے اصول، اور نگرانی کے نظام شامل ہوں گے، تاکہ معاشی ترقی اور سماجی توازن کے درمیان ہم آہنگی قائم رکھی جا سکے۔