سعودی عرب میں امریکی میزائل ڈیفنس سسٹم ’تھاڈ‘ کو مکمل طور پر فعال کردیا گیا

Published On 04 July,2025 04:55 pm

ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب میں تعینات امریکی ساختہ جدید ترین میزائل دفاعی نظام ’تھاڈ‘ (THAAD) کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے، اس نظام کی پہلی بیٹری نے باقاعدہ کام کرنا شروع کردیا ہے۔

امریکی سینٹ کمانڈ کے سربراہ جنرل ایرک کوریلا نے اس حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے سعودی فوجی افسران اور دیگر حکام کو مبارکباد دی ہے، یہ نظام سعودی عرب کی فضائی سلامتی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

تھاڈ (ٹرمینل ہائی ایلٹی ٹیوڈ ایریا ڈیفنس) ایک جدید ترین میزائل روک تھام کا نظام ہے جو مختصر اور درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کو فضائی میں ہی تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس کی موثر رینج 200 کلومیٹر تک ہے، جبکہ یہ 150 کلومیٹر کی بلندی تک کام کر سکتا ہے۔

اس نظام کی تعیناتی خطے میں سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتوں کو نمایاں طور پر بڑھانے کے لیے ایک اہم قدم سمجھی جا رہی ہے، دفاعی ماہرین کے مطابق تھاڈ سسٹم ہوائی خطرات سے نمٹنے کے لیے انتہائی موثر ثابت ہو سکتا ہے۔