پنجاب حکومت کا 'سکول میل پروگرام' کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ

Published On 28 July,2025 09:51 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) حکومت پنجاب نے "سکول میل پروگرام" کے ابتدائی مرحلے کی کامیابی کے بعد اس کے دائرہ کار کو مزید اضلاع تک توسیع دینے کا فیصلہ کر لیا۔

اب بہاولنگر، بھکر، ڈیرہ غازی خان، لیہ، میانوالی اور مظفرگڑھ جیسے اضلاع کو بھی اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔

پروگرام کے تحت سکول کے بچوں کو روزانہ دودھ فراہم کیا جاتا ہے جس کا مقصد ان کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کو بہتر بنانا ہے، سکول میل پروگرام کو بچوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے اور تعلیم میں بہتری لانے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پروگرام کی توسیع کے لیے 45 نئی آسامیوں پر افسران و ملازمین کی بھرتی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ نئے اضلاع میں منصوبے کو مؤثر انداز میں نافذ کیا جا سکے۔

حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ سکول میل پروگرام کے مثبت اثرات دیکھنے میں آئے ہیں جس کی بنیاد پر اس کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔