اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں جسٹس طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم خان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب کا اہتمام چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی جانب سے کیا گیا، تقریب میں سپریم کورٹ کے ججز نے بھرپور شرکت کی، چیف جسٹس پاکستان نے سبکدوش ججوں کی عدالتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا کہ جسٹس طارق مسعود اور مظہر عالم خان نے فوجداری مقدمات میں نمایاں کردار ادا کیا، دونوں ججز پر مشتمل بینچ نے 2ہزار220 فوجداری مقدمات کے فیصلے کیے۔
انہوں نے کہا کہ 7196 مقدمات میں سے 30 فیصد فیصلے دونوں ججز نے سنائے، فیصلے دیانت، قانون فہمی اور اصولی طرزِ عمل کا مظہر تھے۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ دونوں جج صاحبان کی قانون پر گہری دسترس قابل ستائش ہے، ان کے فیصلے وکلا برادری کے لیے قیمتی نظائر ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ باوقار انداز، شائستگی اور آئینی اصولوں سے وابستگی ان کی پہچان رہی، سبکدوشی ایک عظیم عدالتی عہد کا اختتام ہے۔