اسحاق ڈار کی کویتی ہم منصب سے ملاقات، تعاون بڑھانے پر زور

Published On 29 July,2025 11:24 am

نیویارک: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کویت کے وزیر خارجہ عبداللہ الیحییٰ سے ملاقات کی۔

دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ میں 2 ریاستی حل سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال ہوا۔

دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، غذائی تحفظ اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: اسحاق ڈارکی مصری ہم منصب سے ملاقات، دفاع، سرمایہ کاری امور پر تبادلہ خیال

اسحاق ڈار اور کویتی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطحی تبادلوں کے جلد انعقاد پر اتفاق کیا تاکہ دوطرفہ روابط کو مزید گہرا کیا جا سکے۔

ملاقات کے دوران غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور بگڑتی انسانی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں وزرائے خارجہ نے مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور دیرپا حل کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر امید ظاہر کی گئی کہ نیویارک کانفرنس کے نتائج 2 ریاستی حل کے عملی نفاذ میں مددگار ثابت ہوں گے۔