عمران خان نے اپنے بیٹوں کو پاکستان آنے سے نہیں روکا، پی ٹی آئی کا دعویٰ

Published On 29 July,2025 06:05 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے اپنے بچوں کو پاکستان آنے سے روکنے کے بیان کے بعد پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات نے نیا دعویٰ کردیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے بانی عمران خان کی جانب سے اپنے دونوں بیٹوں کو پاکستان آنے سے روکنے اور اپنی رہائی کیلئے کسی سرگرمی میں حصہ لینے سے روکنے کی خبروں کی تردید کردی۔

ایکس پر جاری اپنے بیان میں شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ’عمران خان صاحب کے بچے پاکستان آئیں گے کسی کو بھی اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے‘۔

انہوں نے کہا کہ ابھی اس حوالے سے فقط تاریخ کا تعین ہونا باقی ہے اور ساتھ میں سب کو یاد رہے کہ جب انہوں نے آنے کا فیصلہ کیا تھا تو والد سے واضح کہا تھا کہ ہم اپ سے اجازت نہیں لے رہے بلکہ اپ کو اطلاع دے رہے ہیں‘۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ جو لوگ قاسم اور سلیمان کے پاکستان نہ آنے کا پروپیگنڈا کررہے ہیں اُس سے پرہیز کی جائے کیونکہ اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے اور وہ دونوں پاکستان آرہے ہیں۔

قبل ازیں آج اڈیالہ جیل میں مقدمے کی سماعت کے دوران جب عمران خان سے پوچھا گیا کہ آیا ان کے بیٹے 5 اگست کو ہونے والے احتجاج میں شرکت کے لیے آئیں گے، تو انہوں نے دو ٹوک جواب دیا:  نہیں، وہ احتجاج کے لیے پاکستان نہیں آئیں گے ۔

اس سے قبل پی ٹی آئی کی مقامی قیادت اور عمران خان کی بہن علیمہ خان نے دعویٰ کیا تھا کہ قاسم اور سلیمان والد کی حمایت میں پاکستان آئیں گے، مگر اب عمران خان نے ان خبروں کی تردید کر دی ہے۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ان کے بیٹے صرف ملاقات کی غرض سے آئیں، تو یہ ایک الگ معاملہ ہوگا اور عدالت اس ملاقات کی اجازت دے سکتی ہے۔