اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال چین کے پانچ روزہ دورے پر چین روانہ ہوگئے، وہ پاکستانی سیارہ کی خلاء میں لانچ کی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔
احسن اقبال بیجنگ میں سینئر چینی قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے، دورے کے دوران خلائی تعاون سمیت سی پیک فیز ٹو، تجارت، سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر منصوبوں پربات چیت ہوگی۔
دوسری جانب وزیر اعظم پاکستان کے متوقع دورہ چین اور سی پیک کی جے سی سی میٹنگ کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیں گے، چین روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مختلف شعبوں میں پاکستان اور چین کا باہمی تعاون مزید وسعت اختیار کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان چین کے ترقیاتی ماڈل سے استفادے کے لیے پُر امید اور سرگرم عمل ہے، سی پیک پاک چین دوستی کا عملی مظہر ہے، پاکستان سی پیک کے دوسرے مرحلے میں انڈسٹریل زونز، زرعی ترقی اور ہائی ٹیک تعاون کے لیے پرعزم ہے۔