لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کیلئے پہلی خاتون ڈرائیور ندا صالح کی تعیناتی پر خوشی اور فخر کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ندا صالح کو اس اعزاز پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیٹیاں کسی سے کم نہیں، ہم خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ندا صالح جیسی باہمت بیٹیاں ہم سب کا فخر ہیں، ندا صالح کی تعیناتی نہ صرف خواتین کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے بلکہ خواتین کو قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے یہ ایک اہم قدم ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت ہر شعبے میں خواتین کو آگے لانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے اور یہ کامیابی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔