ملک میں اپوزیشن کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے: مصطفیٰ نوازکھوکھر

Published On 01 August,2025 07:04 pm

اسلام آباد: (دیا نیوز) سابق ایم این اے و سینئر سیاستدان مصطفیٰ نوازکھوکھر نے کہا کہ ملک میں اپوزیشن کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

تحریک تحفظ آئین کی کل جماعتی کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ کل جماعتی کانفرنس میں تمام جماعتوں نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔

سینئر سیاستدان نے کہا کہ کل جماعتی کانفرنس کیلئے اسلام آباد میں جگہ کو ناممکن بنا دیا گیا، ہم نے مشترکہ اعلامیہ تیار کیا ہے، یہ اعلامیہ تمام طبقات کے لیے مشعل راہ ہوگا، اعلامیے میں تمام پارٹیوں کی رائے کو شامل کیا گیا ہے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کل جماعتی کانفرنس کا اعلامیہ پڑھ کر سنایا، اعلامیہ کے مطابق کل جماعتی کانفرنس نے اسلام آباد ہوٹل میں بکنگ کینسل کرنے کی مذمت کی، تمام جماعتوں نے ملکی معاشی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

اعلامیہ کے مطابق ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لیے ایک جامع مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے، کل پاکستان کی جمہوریت کا ایک سیاہ ترین دن تھا، تحریک انصاف کے رہنماؤں کو سزاؤں کی مذمت کرتے ہیں۔

کانفرنس کے اعلامیہ کے مطابق ہائبرڈ نظام کے حملوں کے نتیجے میں پارلیمانی جمہوری نظام بےمعنی ہو چکا ہے، قبائلی اضلاع اور بلوچستان کے مسائل کا حل نکالا جائے، ٹروتھ اینڈ ری کنسلی ایشن کمیشن بنایا جائے، ایس آئی ایف سی کو تحلیل کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے دونوں بیٹے کب پاکستان آئیں گے؟ علیمہ خان نے بتا دیا

اعلامیہ کے مطابق اس وقت ملک کا کوئی طبقہ مطمئن نہیں ہے، ملک کی تمام جماعتوں کے درمیان گرینڈ ڈائیلاگ کیا جائے، اس وقت پاکستان کی تمام جماعتوں میں میثاق جمہوریت کی ضرورت ہے، 26 ویں آئینی ترمیم کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔

کانفرنس کے اعلامیہ کے مطابق 26 ویں ترمیم کے بعد پاکستان سے عدلیہ آزادی عملاً ختم ہو گئی ہے، لاپتا افراد کو فوری طور پر عدالتوں میں پیش کیا جائے، ماورائےعدالت قتل کی پالیسی کو فوری ختم کیا جائے۔

اعلامیہ کے مطابق تمام سیاسی قیدیوں بشمول ماہ رنگ بلوچ کو فوری رہا کیا جائے، امن و امان کا بہانہ بنا کر ایران، عراق جانے والے زائرین پر پابندی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان اکرم راجہ نے ملک گیر تحریک چلانے کا عندیہ دے دیا

کانفرنس کے اعلامیہ کے مطابق میڈیا کی آزادی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کئے جائیں، اخترمینگل کے خلاف بےبنیاد مقدمات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، اخترمینگل اور ان کی فیملی کے خلاف بےبنیاد مقدمات فوری ختم کیے جائیں۔

اعلامیہ کے مطابق نظام انصاف میں مداخلت سے قانون کی حکمرانی کو شدید نقصان پہنچا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ میں خطوط لکھنے والے چھ ججز ہیرو ہیں، 2024 کے انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہیں۔

کانفرنس کے اعلامیہ کے مطابق ملک میں جاری فسطائیت کا خاتمہ کیا جائے، ملک میں سیاسی افراتفری عروج پر ہے، انسانی حقوق و پارلیمانی جمہوری نظام مکمل تباہ ہوچکا ہے۔