ایرانی صدر سے اسحاق ڈار کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

Published On 03 August,2025 11:57 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کی اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سے ملاقات ہوئی ہے۔

ترجمان کے مطابق سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں مشترکہ تاریخ، ثقافت اور عقیدے کی بنیاد پر پاکستان اور ایران کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ایرانی صدر نے پاکستان کی حمایت کو سراہا اور مشترکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بہتر بنانے کے ایران کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان کے مطابق مسعود پزشکیان نے دونوں دوست ممالک کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو مزید تقویت دینے کے لئے پاکستانی رہنماؤں کے ساتھ بامعنی بات چیت کا بھی عندیہ دیا۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقی نے بھی ملاقات کی تھی، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ علاقائی استحکام، تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر توجہ مرکوز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر مسلسل مشاورت اور رابطے کے مؤثر نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔