اسلام آباد :(دنیا نیوز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ مہمان نوازی پر پاکستان کا شکر گزار ہوں، دوطرفہ تعلقات کو مختلف جہتوں میں آ گے بڑھایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں ، سلامتی کونسل کو اسرائیل کی جارحیت کا نوٹس لینا چاہیے، اسرائیلی جارحیت خطے میں امن کو داؤ پر لگا رہی ہے،اسرائیل ، غزہ ، لبنان اور شام میں اپنے مذموم مقاصد حاصل کررہا ہے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کی شاعری ہمارے کیلئے مشعل راہ ہے، ان کی شاعری کا اساس امت مسلمہ کا اتحاد ہے، قیام امن کیلئے امت مسلمہ کو متحد ہونا ہو گا، ایرانی صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کو بھی ایران کے دورے کی دعوت دی ۔
مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ پاکستان کے علما کرام اور سیاسی رہنماؤں سے مفید گفتگو ہوئی، انسداد دہشت گردی کے لیے دونوں ممالک نے مشترکہ طور پر اتفاق کیا ہے، علاقائی ترقی اور امن کا آپس میں گہرا تعلق ہے، آخر میں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو بھی ایران کے دورے کی دعوت دی۔