تہران: (دنیا نیوز) ایران اور اسرائیل کے درمیان 12 روزہ کشیدگی کے بعد ایران نے آج سے اپنی فضائی حدود مکمل طور پر کھولنے کا اعلان کر دیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایرانی شہری ہوابازی کے ادارے سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے تصدیق کی ہے کہ فضائی پابندیاں ختم کردی گئی ہیں اور اب نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی پروازیں بھی ایران کی فضائی حدود استعمال کر سکیں گی۔
ادارے کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ تمام فلائٹ آپریشنز مکمل طور پر بحال کر دیے گئے ہیں، جبکہ مہرآباد ایئرپورٹ کو بھی اب چوبیس گھنٹے کے لیے پروازوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 17 جولائی سے ایران کے تمام ہوائی اڈے جزوی طور پر کھول دیے گئے تھے، تاہم مہرآباد ایئرپورٹ کو صرف مخصوص اوقات میں استعمال کیا جا رہا تھا۔
اب جاری ہونے والے نئے بیان کے مطابق تمام ایئرلائنز اور سفری ایجنسیاں بلا تعطل چوبیس گھنٹے اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکتی ہیں۔