پی ٹی آئی کو جھٹکا، ساجد قریشی کی ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شمولیت

Published On 06 August,2025 02:09 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کو جھٹکا، پی ٹی آئی کے ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری ساجد قریشی نے ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ساجد قریشی نے ملاقات کی جس میں انہوں نے باقاعدہ ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ عوام نے ایک بار پھر 5 اگست کو تحریک انصاف کی احتجاجی کال کو مسترد کر دیا، عوام اور خود تحریک انصاف کے ورکرز روز روز کے احتجاج اور مظاہروں سے تنگ آ گئے ہیں، پاکستان اب ترقی کی طرف گامزن ہے اور احتجاجی مظاہروں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ایک نظریاتی اور حقیقی جماعت ہے جو اپنے کارکنوں کو تنہا نہیں چھوڑتی، میں بھی ایک جیالا کارکن ہوں جسے پیپلز پارٹی نے پنجاب کا گورنر بنا دیا۔

اس موقع پر ساجد قریشی نے کہا کہ وہ ایک طویل عرصے سے پی ٹی آئی کا حصہ رہے، مگر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پارٹی کا رویہ، بیانیہ اور طرز سیاست ملک و قوم کے مفاد کے خلاف ہوتا چلا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اب وہ ایک ایسی جماعت کا حصہ بننے جا رہے ہیں جو جمہوری اقدار، عوامی خدمت اور سیاسی استحکام کی علامت ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور وہ امید رکھتے ہیں کہ ان کی سیاسی جدوجہد اب مثبت سمت میں آگے بڑھے گی۔

گورنر پنجاب نے ساجد قریشی اور ان کے ساتھیوں کو پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی اور یقین دہانی کرائی کہ ان کی محنت ضائع نہیں جائے گی، پیپلز پارٹی کے جیالے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مضبوط بازو ہیں اور یہ دن دور نہیں جب بلاول بھٹو ملک کے وزیر اعظم ہوں گے۔