مستونگ میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 دہشتگرد جہنم واصل، 3 جوان شہید

Published On 06 August,2025 11:55 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بارودی مواد سے حملہ کردیا جس میں 3 جوان شہید ہوگئے جوابی کارروائی میں 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ میں 5 اور 6 اگست کی رات فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بارودی مواد سے حملہ کیا۔

جوابی کارروائی کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 4 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر محمد رضوان طاہر، نائیک ابن امین اور لانس نائیک محمد یونس جام شہادت نوش کرگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید میجر رضوان کا تعلق ضلع نارووال سے ہے، دہشت گردی کیخلاف متعدد کارروائیوں میں حصہ لیا، شہید میجر نے ہمیشہ اپنے دستوں کو فرنٹ سے لیڈ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں مزید کسی دہشت گرد کے خاتمے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز ملک سے انڈین سپانسرڈ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔