امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف کو ترکیہ کا اعلیٰ عسکری اعزاز عطا

Published On 05 August,2025 11:27 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کو ترکیہ میں اعلیٰ عسکری اعزاز لیجن آف میرٹ آف دی ترک آرمڈ فورسز سے نوازا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق امیرالبحر ایڈمرل نوید اشرف کو ترک نیول فورسز کے ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، انہوں نے ترک نیول فورسز کے کمانڈر سے اہم ملاقات کی جس میں دو طرفہ بحری تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امیر البحر نے ترکیہ کے سرکاری دورے کے دوران ترک وزیر دفاع، چیف آف جنرل سٹاف اور کمانڈر ترکش نیوی فلیٹ سے ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی، دفاعی شراکت داری، مشترکہ مشقوں اور تربیتی صلاحیتوں کے فروغ پر زور دیا گیا۔

سربراہ پاک بحریہ نے پاک بحریہ کے ملجم پراجیکٹ کا جائزہ لینے کے لیے استنبول نیول شپ یارڈ کا بھی دورہ کیا، گولچک نیول بیس کے دورے کے موقع پر انہوں نے آبدوزوں کی تعمیراتی صلاحیتوں کا بھی مشاہدہ کیا۔

نیول چیف نے ترکیہ کی متعدد بحری تنصیبات کا دورہ کیا اور ترکیہ کے رہنما مصطفٰی کمال اتاترک کے مزار پر بھی گئے جہاں انہوں پھول رکھے۔

سربراہ پاک بحریہ کے دورہ ترکیہ سے دونوں برادر ممالک کے درمیان بحری تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔