عمر ایوب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے فارغ، چیمبر واپس لے لیا

Published On 08 August,2025 02:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو عہدہ سے فارغ کردیا گیا، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اپوزیشن لیڈر کا عہدہ خالی قرار دیدیا، پی ٹی آئی سے قائد حزب اختلاف کا چیمبر بھی واپس لے لیا گیا،  سپیکر قومی اسمبلی نئے اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے لیے جلد نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔

سیکرٹری کے مطابق پی ٹی آئی سے قومی اسمبلی میں 3 اہم عہدے واپس لے لیے گئے، قومی اسمبلی میں عمر ایوب اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے فارغ ہوگئے، زرتاج گل کا پارلیمانی لیڈر اور احمد چٹھہ کا ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کا عہدہ بھی خالی قرار دیدیا گیا۔

سیکرٹریٹ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی میں عمر ایوب کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی، فنانس کمیٹی سے بھی ڈی لسٹ کردیا گیا، پی ٹی آئی کے نااہل 7 ارکان سے قائمہ کمیٹی کی ممبر شپ بھی واپس لے لی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے 7 ارکین اسمبلی سے 15 قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت بھی واپس لے لی گئی ہے، صاحبزادہ حامد رضا کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کی چیئرمین شپ ختم کردی گئی، زرتاج گل قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کی رکنیت سے ہاتھ دھو بیٹھیں جبکہ رائے حسن نواز سے قائمہ کمیٹی ریلوے کی چیئرمین شپ واپس لی گئی ہے۔

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے عمر ایوب، شبلی فراز سمیت کئی رہنماؤں کو سزائیں سنائی تھیں، جس کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انہیں نااہل قرار دیدیا تھا۔