اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ 33 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنا پاک افواج کا عظیم کارنامہ ہے۔
وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہی دہشت گرد بلوچستان میں کارروائیاں کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو انجام تک پہنچا دیا گیا، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے افواج پاکستان کی قربانیاں قابل فخر ہیں، پاکستان کے امن کے دشمنوں کا ہمیشہ یہی انجام ہو گا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ دہشت گردوں کا قلع قمع ملک میں امن کے نئے باب کی شروعات ہے، انہوں نے کہا کہ پاک افواج کی جانب سے دہشت گردی کی کمر توڑ دی گئی، قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔