ٹرمپ فلسطین میں امن، دو ریاستی حل کیلئے کردار ادا کریں: خواجہ آصف

Published On 09 August,2025 11:56 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امید ہے امریکی صدر ٹرمپ فلسطین میں امن اور دو ریاستی حل میں بھی تاریخی کردار ادا کریں گے۔

ایکس پر خواجہ آصف نے لکھا کہ صدر ٹرمپ کا آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن معاہدہ کروانے میں کردار قابلِ تحسین ہے، ٹرمپ روس اور یوکرین کے درمیان امن قائم کروانے میں بھی کرداد ادا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی بھی صدر ٹرمپ کی کوششوں سے ممکن ہوئی تھی، امریکی صدر نے روس کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کا اشارہ بھی دیا ہے، صدر ٹرمپ کی کامیاب امن کوششیں تاریخی اور انسانیت کی خدمت کے مترادف ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ امید ہے صدر ٹرمپ فلسطین میں امن اور دو ریاستی حل میں بھی ایسا ہی تاریخی کردار ادا کریں گے، غزہ میں نشانہ بننے والے معصوم فلسطینی بھی پائیدار امن کے لیے صدر ٹرمپ کی مداخلت کے منتظر ہیں، انسانیت صیہونی مظالم اور فلسطینی نسل کشی کے خاتمے کی منتظر ہے۔