خیبرپختونخوا میں حکومت تبدیلی کی کوشش ہوسکتی ہے، خواجہ آصف نے عندیہ دے دیا

Published On 05 July,2025 10:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں الیکٹڈ اور نان الیکٹڈ کا عنصر موجود ہے، خیبرپختونخوا میں حکومت کی تبدیلی کی کوشش ہوسکتی ہے۔

نجی ٹی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ بانی کی بہنیں کچھ کہتی ہیں، کوئی کچھ اور کہہ رہا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی وفاقی حکومت میں شمولیت خارج از امکان نہیں، پی ڈی ایم اور اتحادی حکومت کا تجربہ کیا جا چکا ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ نوازشریف بانی پی ٹی آئی سے ملنے کیوں جائیں؟ نوازشریف پہلے بنی گالہ گئے تھے تو بانی نے 40 لاکھ مانگ لیے تھے۔

بھارت کے دعوے مٹی میں مل گئے، سندور اجڑ گیا: خواجہ آصف

بھارت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کو جنگ میں پاکستان سے شکست ہوئی، بھارت کے دعوے مٹی میں مل گئے، سندور اجڑ گیا، ہمیں پوری دنیا کی سپورٹ ملی تھی۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ صرف اسرائیل کھڑا تھا، بھارت کی طرف سے بیانات اپنے عوام کو مطمئن کرنے کیلئے ہیں، ایسے بیانات بھارت کی سفارتی محاذ پر بھی شکست کا نتیجہ ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کے خلاف جنگ میں پاکستان کی فتح بالکل واضح تھی، کوئی شک نہیں پاکستان کی افواج نے جنگ میں اپنا لوہا منوایا۔

انہوں نے کہا کہ ترکیے اور چین ہمارے دوست ممالک، جنگ ہم نے خود لڑی، بھارت میں جھوٹ کا سیلاب آیا ہوا تھا، جیسے بالی ووڈ فلم کی شوٹنگ ہے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ہمیں ترکیے اور چین کی حمایت حاصل تھی، ان سے ہم اسلحہ لیتے ہیں، جن ممالک سے ہم اسلحہ لیتے ہیں اس کا مطلب یہ نہیں وہ لڑائی میں شامل تھے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مودی یہاں وہاں دیکھ رہا تھا اس کو جڑواں بھائی نیتن یاہو کے علاوہ کوئی نظر نہیں آ رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت چین اور دیگرممالک کا نام لے رہا ہے یہ ہمارے دوست ہیں، ترکیے، سعودی عرب، ایران اور دیگر ممالک بھی ہمارے دوست ہیں۔