وزیراعظم کا آذربائیجان کے صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، آرمینیا سے امن معاہدے پر مبارکباد

Published On 10 August,2025 09:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے آرمینیا کے ساتھ دہائیوں سے جاری تنازع ختم کرکے امن معاہدہ کرنے پر مبارک باد دی اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں حال ہی میں آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان طے پانے والےتاریخی امن معاہدے پر صدر علیوف اور آذربائیجان کے عوام کو مبارک باد دی۔

شہباز شریف نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان تین دہائیوں پرانے تنازع کو پرامن انجام تک پہنچانے اور قفقاز کے علاقے کے لیے خوش حالی کے نئے دور کا آغاز کرنے میں صدر الہام علیوف کے بصیرت انگیز کردار کی تعریف کی، وزیراعظم نے اس تاریخی معاہدے کو منطقی بنانے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو خاص طور پر سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام اس بنیادی مسئلے پر اپنے آذربائیجانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں اور یہ بات خوش آئند ہے کہ صدر الہام علیوف کی جرات مندانہ قیادت اور مدبرانہ قیادت میں اس خطے میں بالآخر امن قائم ہو گیا۔

ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران صدر علیوف نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پرامن ماحول سے پاکستان اور وسطی ایشیا کے درمیان ترقی اور روابط بڑھانے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، آذربائیجان کے صدر علیوف نے کاراباخ کے معاملے پر آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ اور مسلسل حمایت کو سراہا۔