نیوکلیئرتھریٹ کی بات پر بھارت جھوٹ بول رہا ہے: خواجہ آصف

Published On 11 August,2025 10:40 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نیو کلیئر تھریٹ کی بات پر بھارت جھوٹ بول رہا ہے۔

وفاقی دارالحکومت سے جاری اپنے ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مودی کا بیڑہ غرق ہوگیاہے، بھارت کی جانب سے بے بنیاد گفتگو کی گئی، ایک ایشوبنانے کی کوشش کی جارہی ہے، نریندرمودی پوری دنیامیں رسواہوچکاہے۔

انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی سمیت بھارت میں کئی لوگ مودی کے خلاف بات کررہے ہیں، کس ملک کے پاس کتنے جہاز ہیں، ریکارڈ موجود ہوتا ہے، فیلڈ مارشل نے نیوکلیئرتھریٹ کی بات نہیں کی بھارت جھوٹ بول رہا ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم اپنی رسوائی چھپانے کی ناکام کوشش کررہا ہے، پوری دنیا سے جو پریشر بھارت پر آ رہا ہے، مودی اس کو ڈیل نہیں کر پا رہا، ساری دنیا کو پتہ ہے بھارت کے خلاف پاکستان کو کامیابی ملی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہم نےبھارت کے وہ جہازگرائے جنہوں نے پے لوڈ گرایا تھا، ہمارے وسائل کم تھے پھر بھی اللہ نے بھارت کے خلاف ہمیں فتح دی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہائبرڈ نظام کی گفتگو پرمجھ پر بہت تنقید بھی ہوتی ہے، پاکستان کاموجودہ نظام ہرلحاظ سے بہترین کام کررہا ہے، شہبازشریف نے جو راستہ اپنایا یہ ملک اور اداروں کیلئے بہترین ہے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کواقتدارسےمحروم ہوئے تقریباً3سال ہو گئے،انہوں نے کسی بھی سطح پر نہیں کہا کہ ہم سے کیا غلطیاں ہوئیں، چلیں نظام کی درستگی کیلئے بیٹھ کر بات کریں، نوازشریف نے ہر سطح پر کہا کہ ڈائیلاگ ہونے چاہئیں۔