پرامن مزاحمت کےخواہاں ، ہماری جدوجہد جاری رہے گی: سلمان اکرم راجہ

Published On 12 August,2025 11:17 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم پرامن مزاحمت کےخواہاں ہیں، ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

پروگرام’ دنیا مہر بخاری کے ساتھ ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ جبر کا ماحول ہے، تحریک انصاف کے پرامن سیکڑوں لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پرامن مزاحمت کےخواہاں ہیں، ہماری جدوجہد جاری رہے گی، ہم حق اور جمہوریت کی بات کر رہے ہیں، عوام پاکستان تحریک انصاف کےساتھ ہیں۔

سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے پاکستان آناچاہتےہیں، ویزےلگاناہائی کمیشن کاکام ہے، ویز ے کےلیے ہائی کمیشن میں درخواست دی گئی ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ ہمارے رہنماؤں اور کارکنوں کو جو سزائیں دی جارہی ہیں یہ ناحق سزائیں ہیں، گواہی اور ثبوت ایک ہی قسم کے ہیں، دو پولیس والوں کو پیش کرکے سزاؤں کا اعلان کردیا جاتا ہے۔