کراچی: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بھارت نے دوبارہ کوئی حرکت کی تو دھول چٹانے کو تیار ہیں۔
جشن آزادی کی تقریب میں سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن، صوبائی وزرا سید ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے شرکت کی، آسمان رنگ و روشنی سے جگمگا اٹھا، پاکستان زندہ باد کے نعرے گونج اٹھے، آتشبازی نے فضا کو حب الوطنی کے رنگوں سے رنگ دیا، آتشبازی کے ساتھ فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔
صوبائی وزیر شرجیل میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آپ سب کے علم میں ہے کہ پورے پاکستان میں یکم اگست سے 14 اگست تک جشن منایا جا رہا ہے، پوری قوم آزادی کا جشن منا رہی ہے، حکومت سندھ خصوصی طور پر جشنِ آزادی منا رہی ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ پورے صوبے کے ہر شہر اور ہر گاؤں میں حکومت سندھ کے تمام اداروں کے تحت تقریبات منعقد کی گئی ہیں، اس بار جشن آزادی کے ساتھ ساتھ معرکہ حق کا بھی جشن منایا جا رہا ہے، پاک افواج نے جس طرح بھارت کو شکست دی اور سفارتی محاذ پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کامیابی حاصل کی یہ ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسی سلسلے میں 13 اگست کی رات میگا ایونٹ منعقد کیا جا رہا ہے، آپ سب کو اس میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے، بھارت کو جو شکست ہوئی ہے، اس کے بعد وہ دوبارہ کوئی بھی اوچھی حرکت کرنے کی جرات نہیں کرے گا۔