پاکستان میں سارے مذاہب کے لوگ یکجا ہیں: کھئیل داس کوہستانی

Published On 11 August,2025 05:17 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھئیل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سارے مذاہب کے لوگ یکجا ہیں۔

قومی یومِ اقلیت پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کھئیل داس کوہستانی کا کہنا تھا کہ میرا صحافت سے تعلق رہا ہے، کل وزیراعظم اقلیتی امور کی تقریب میں شریک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کی خوشیاں اور دکھ سانجھے ہیں، ملک میں رمضان، ہولی اور سکھ تہوار منائے گئے، آئین پاکستان اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے، دین اسلام جبر کی اجازت نہیں دیتا، دین اسلام واحد مذہب جس میں اقلیتوں کی عزت ہے، پڑوسی ملک نے جنگ میں اسلام کو دہشت گردی سے جوڑا تھا۔

وزیر مملکت برائے مذہبی امور کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے پہلا حملہ مسجد پر کیا، یہ اچھی بات نہیں تھی،ہندو مسلم ٹکراؤ نہیں تھا، پاکستان نے ان کے جہازوں کو گرایا، پاکستان جنگ بالکل بھی نہیں چاہتا ہے۔

کھئیل داس کوہستانی کا مزید کہنا تھا کہ آج سارے مذاہب کے لوگ یہاں یکجا ہیں، دشمن ملک بھارت کے وزیراعظم کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، ہمارے مسائل گورننس اور انصاف کے ہیں، حکمرانی انصاف کی ہونی چاہیے، یہ سب ہمارے گھر کا مسئلہ ہے اس کو حل کریں گے۔